کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء میں کپتان سرفراز احمد نمبر پانچ پر بیٹنگ کرنے کے خواہشمند
کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد ورلڈ کپ میں بلے باز کے طور پر اپنے کردار کے حوالے سے خاصے سنجیدہ ہیں۔
لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے منعقدہ کیمپ کے دوران اپنی بیٹنگ پر خاصی توجہ دینے والے سرفراز احمد کا کہنا ہے ‘اندازہ ہے کہ میری بیٹنگ ٹیم کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے اور اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہےکہ میں نمبر پانچ پر کھیلوں جو ٹیم کے مفاد میں ہوگا’۔
سرفراز احمد 101 ون ڈے میچز میں 32.91 کی اوسط سے 1942 رنز اسکور کرچکے ہیں اور نمبر پانچ پر کھیلتے ہوئے دس اننگز میں 53.38 کی اوسط سے انہوں نے ایک سینچری اور تین نصف سینچریوں کے ساتھ 427 رنز بنائے، جو ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی نمبر پر کھیلتے ہوئے ان کی شاندار پرفارمنس ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ویسے تو ‘میں اوپنر سے نمبر ’9‘ تک کھیل چکا ہوں تاہم اب وقت ہے کہ میں طے کروں کہ کس نمبر پر کھیلوں اور مناسب یہی ہے کہ نمبر پانچ پر بیٹنگ کروں جو میرے اور ٹیم کے لیے اچھا ہے۔
دلچسپ بات یہ کہ ہے سرفراز احمد نے انگلینڈ میں دس ون ڈے میں پانچ اننگز پانچویں نمبر کھیلیں جس میں انہوں نے ایک سینچری اور دو نصف سینچریوں کے ساتھ 300 رنز اسکور کیے۔