کھیل و ثقافت

دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹرز کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں

لندن: قومی کرکٹرز پر دورہ انگلینڈ کے دوران سوشل میڈیا کے استعمال پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں میزبان ٹیم کے ساتھ گرین شرٹس کو 5 ون ڈے اور ایک ٹی 20میں مقابلہ کرنا ہے۔

اس دورے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 12 ویں عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جو انگلینڈ ہی میں 30 مئی سے شروع ہو رہا ہے جہاں 31 مئی کو پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ دو بار کی ورلڈ چیمپئین ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے کے لئے ناٹنگھم میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔

ادھر عالمی کرکٹ کے اس سب سے بڑے میلے کے دباؤ اور چیلنج کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کو بیگمات اور بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی، وہیں بورڈ نے کرکٹرز کو سوشل میڈیا کے استعمال کرنے پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی۔

قومی کرکٹرز ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصے متحرک ہیں اور ان کے استعمال کیے جانے والے اکاؤنٹ باقاعدہ تصدیق شدہ ہیں جہاں کھلاڑی وقتا فوقتا اپنے حوالے سے پر ستاروں کو اپ ڈیٹ کرتے رہتے ہیں۔

اس بارے میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کہتے ہیں سوشل میڈیا کے حوالے سے ہم نے کھلاڑیوں کو کسی قسم کا پابند تو نہیں کیا، البتہ انہیں بتا دیا گیا ہے کہ آپ کوئی ایسی پوسٹ سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر نہیں کریں گے جس میں پی سی بی یا کسی اور بورڈ سے متعلق بات تنازع کی شکل اختیار کرئے، ہاں ضرور آپ ساتھی کھلاڑی یا کسی بین الاقوامی کرکٹر کی حوصلہ افزائی یا پھر اسے عمدہ کارکردگی پر سراہے جانے کے حوالے سے کچھ بھی لکھنے کے مجاز ہوں گے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ مشق دورہ انگلینڈ کے میچوں کے دوران بھی کرکٹرز پر لاگو ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close