کھیل و ثقافت

جہانگیر خان اور جاوید میانداد وزیراعظم کیخلاف میدان میں اتر آئے، ڈپارٹمنٹل اسپورٹس ختم کرنے کی مخالفت

موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی ہے، جاوید میانداد

کراچی: سابق کرکٹر جاوید میانداد اور سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان سمیت کئی سابق کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈپارٹمنٹس کی سطح پر کھیل ختم کرنے کی شدید مخالفت کردی۔

سابق کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ میں مختلف ڈپارٹمنٹس کا کردار رہا ہے اور جب تک ڈپارٹمنٹ تھے تو پاکستان کئی کھیلوں کا ورلڈچیمپئن تھا۔

کراچی پریس کلب میں دیگر قومی ہیروز جہانگیر خان، سید صلاح الدین اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی ہے اور میں یقین سے کہتا ہوں کہ اگر پی آئی اے نہ ہوتا تو آج جہانگیر خان، جہانگیر خان نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر ایک کو نوکری چاہیے اور کرکٹ اور ہاکی کوئی کھیلنا نہیں چاہتا۔

جاوید میانداد نے کہا کہ کیا وزیر اعظم عمران خان نے خود پیسوں کے لیے کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیلی؟ ،سب پیسوں کیلیے کاونٹی کرکٹ کھیلتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس بند کرکے کھلاڑیوں کو بے روزگار کیاجا رہا ہے، لوگ مجبوراً کرکٹ اور ہاکی کھیلتے ہیں اور آپ مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ نوکریاں ختم ہو رہی ہیں اور ملک قرض میں ڈوبا ہے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ آپ نے پہلے سے موجود اسپورٹس کے فروغ کے اداروں کو ختم کردیا اور پھر سب اداروں نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کردی ،اب کرکٹرز کہاں سے آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ کی زبوں حالی پر نالاں جاوید میانداد پھٹ پڑے

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کے فروغ کے لیے متبادل اسٹرکچر بنائے بغیر سسٹم ختم کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈپارٹمنٹنل اسپورٹس کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کرے اور ہر بڑا ادارہ بیس ،پچیس کھلاڑیوں کو لازمی ملازمت دے۔

اس موقع پر اسکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا کہ وہ چودہ برس کی عمر میں آئے اور اگر آج یہاں بیٹھے ہیں تو اپنے ڈپارٹمنٹ کی وجہ سے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی وجہ سے لوگوں کو مستقل ملازمت ملتی ہے، اب میں سنتاہوں 6 ماہ یا سال کے کنٹریکٹ پر رکھا جاتا ہے۔

جہانگیرخان نے کہا کہ جب نوکری برقرار نہ رہنے کی تلوار کھلاڑیوں پر لٹکتی ہو تو ایسے میں کون کھیل سکتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close