کھیل و ثقافت

انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کا بھرکس نکال دیا، جیت کیلئے 374 رنز کا ہدف

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیدیا۔

انگلینڈ کے 374 رنز کے ہدف میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

جونی بیئراسٹو 51 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے 28.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ کا پہلا ون ڈے: پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری

کچھ دیر بعد بارش رکنے کے باعث میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو جیسن رائے 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جوئے روٹ نے بھی 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد این مورگن اور جوز بٹلر نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 373 رنز تک پہنچا دیا۔

جوز بٹلر نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی اور 55 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ این مورگن بھی 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close