بلے باز بابر اعظم بھارت کیخلاف بڑے میچ میں بڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پُرعزم
مانچسٹر: پاکستانی کرکٹَ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ویڈیوز دیکھ کر اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔
پاک بھارت میچ اور وہ بھی ورلڈ کپ کا مقابلہ ایسا میچ جس میں ایک اچھی کارکردگی کسی بھی کھلاڑی کو راتوں رات ہیرو بنا سکتی ہے اور پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کو بھی یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ اتوار 16 جون کو روایتی حریف کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والا میچ ان کے لئے کتنا اہم ہے۔
اولڈ ٹریفورڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ویرات کوہلی بڑے بیٹسمین ہیں، ان کے کھیل میں بہتری وقت اور تجربے کے ساتھ آئی ہے، میں بھی کوشش کر رہا ہوں کہ میچ فنش کرنے کی عادت ڈالوں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفت گو میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ بڑے میچ میں بڑی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں، اس میچ میں ٹیم کا ہر پلیئر اپنا 100 فیصد دینے کیلئے پُرعزم ہے، میچ میں نتائج اچھے ہوں گے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی پلیئرز بڑے میچ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ہمیشہ زبردست میچ ہوتا ہے اور اس میچ پر ہر کسی کی نظر ہوتی ہے۔
نوجوان بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ انفرادی کارکردگی کی بجائے ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا کا بولنگ اٹیک اچھا ہے لیکن پاکستان کے بیٹسمین تیار ہیں، انگلینڈ کا اٹیک بھی اچھا تھا اور اس کے خلاف بھی ٹیم نے اچھا پرفارم کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ دی
ان کا کہنا تھا کہ بھمراہ کے خلاف کوئی خاص پلاننگ نہیں، جیسا ہر میچ کی تیاری ہوتی ہے ویسی ہی تیاری ہوئی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل وہ میچ ہے جسے بھول نہیں سکتے، بھارت کے خلاف یادگار فتح کل ہی کی بات لگتی ہے لیکن اب نئے میچ کے لئے مجھ پر کوئی دباو نہیں ہے، ہم نے بھارت کو ہرانے کے لئے الگ پلاننگ کی ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا تھا یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کی کمزور ٹیم ہے، جو گزر گیا اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے اور جو آ رہا ہے اس میچ پر توجہ ہے، امید ہے کہ بھرپور محنت اور پلاننگ کے ساتھ بھارت کو ہرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب اچھے ٹچ میں ہیں اور اعتماد ہے کہ بھارت کو ہرائیں گے اور ورلڈ کپ میں اپنے امکانات کو روشن رکھیں گے۔