قومی اسمبلی نے کرکٹ کھلاڑیوں کے پش اپس پرپابندی لگادی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلا س میں کھلاڑیوں کے میدان میں پش اپس لگانے کو تنقید کا نشانہ بنا گیا اور اس پر پابندی عائد کردی گئی۔
اجلاس میں حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نےپش اپس لگانے پر اعتراض کیا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ممبر قومی اسمبلی چوہدری نذیر نے اپنی رائےکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹوکمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی اور پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جب کہ مصباح الحق نے سنچری بنانے کے بعد اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا لیکن اب کھلاڑیوں کو پش اپس لگانے سے منع کر دیا گیا ہےا س موقع پر ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نےگفتگو کرتے ہوئے اس معاملے پر انتہائی غم و غصے کا اظہا ر کیا اورکہا کہ ہر ٹیم کا اپنی جیت کا جشن منانے کا اپنا انداز ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ٹیم کو جشن منانے سے روک سکے۔
واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں تاریخی جیت کے بعد مصباح الحق کے پش اپس ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ان کے پش اپس اتنے ہٹ ہوئے کہ لارڈز ٹیسٹ جیتنے پر پوری ٹیم نے تاریخی پش آپس لگائے۔
یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ہر کھلاڑی منفرد انداز اپنا تا ہے۔ جمیکا کے یوسین بولٹ کا انداز سب سے زیادہ ہٹ ہوا یہاں تک کہ امریکی صدر باراک اوباما نے بھی یوسین بولٹ کے انداز پر ایکشن کرکے دکھایا۔
راولپنڈی ایکسرپریس شعیب اختر کا وکٹ لینے کےبعد فلائنگ ہارس والا انداز بھلا کوئی بھول سکتا ہے اوربوم بوم شاہد آفریدی کے وکٹری والے اسٹائل نے اب تک مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا ہوا ہے۔