اظہرمحمود پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر
اظہرمحمود نے شارجہ پہنچ کر ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ ان کی پہلی .مہ داری نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ ہوگی۔
اظہرمحمود پہلی بار ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ بنائے گئے تھے جس کے بعد انھوں نے انگلینڈ کے دورے میں کھیلی گئی سیریز میں بھی یہ ذمہ داری نبھائی تھی۔
اکتالیس سالہ اظہر محمود اکیس ٹیسٹ اور ایک سو تنتالیس ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد بھی وہ اب تک کاؤنٹی کرکٹ اور دنیا میں کھیلی جانے والی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگس باقاعدگی سے کھیل رہے ہیں۔
اسی سال فروری میں انھوں نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کی طرف سے میچز کھیلے تھے۔
اظہر محمود کو ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کہا جاتا ہے۔ وہ اب تک مجموعی طور پر دو سو تیس ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ انھیں کبھی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع نہ مل سکا۔