بہت جلد پی سی بی کے فٹنس معیار پر پورا اتروں گا، شرجیل خان
لاہور: پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کراچی کنگز کے کھلاڑی شرجیل خان کا کہنا ہے کہ پلان کے تحت فٹنس پر کام کررہا ہوں، بہت جلد پی سی بی کے فٹنس معیار پر پورا اتروں گا۔
شرجیل خان نے نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے، بہت خوشی ہے کراچی کنگز چیمپئن بنی ہے، پروفیشنلزم میں ہر ماحول سے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔
کراچی کنگز کے شیر کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کا کام ہی ٹیم کے لیے پرفارمنس دینا ہے، بہت جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کے فٹنس معیار پر پورا اتروں گا، خواہش تھی کہ انضمام الحق کی قیادت میں کھیلوں۔
خیال رہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں شرجیل خان سندھ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 22 نومبر کو ہونے والے میچ میں انہوں نے سدرن پنجاب کے خلاف شاندار سنچری بنائی تھی۔
اوپنر شرجیل خان نے رواں سیزن میں فرسٹ کلاس کی پہلی سنچری اسکور کی۔ شرجیل خان نے سدرن پنجاب کے خلاف 126 گیندوں پر 121 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔