سیریز میں کامیابی کے لیے معمولی غلطیوں کی بھی کنجائش نہیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا کہ جنید خان نوبال کرنے کےعادی نہیں لیکن تیسرے میچ میں ان کی اس غلطی کی ٹیم نے بھاری قیمت چکائی۔
جنید خان نے آسٹریلیا کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بلےباز پیٹرہینڈزکومب کو آؤٹ کیا تھا لیکن نوبال کے باعث انھیں قیمتی موقع ملا جبکہ چار اوور بعد ان کی گیند پر ہینڈزکومب کا کیچ گرا دیا گیا جس میں ان کی جانب سے دوبارہ وہی غلطی دہرائی گئی۔
پیٹرہینڈز کومب نے 82 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوانے کے لیے اسٹیو اسمتھ کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔
مکی آرتھر کا کہناتھاکہ جنید خان کو تیسرے ون ڈے میں گراؤنڈ میں چلنے والی ہلکی ہواسے مشکل ہورہی تھی،لیکن اب بھی یہ کوئی قابل قبول وجہ نہیں ہے ہمیں اپنے پاؤں لکیر سے پیچھے رکھنے ہوں گے۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ان کی ٹیم کو اگر سیریز میں حقیقی جیت حاصل کرنی ہے تو اس طرح کی معمولی غلطیاں برداشت نہیں کرسکتے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے کل کھیلا جائے گا۔