کھیل و ثقافت

پاکستان کے سابق نمبر ون ٹینس کھلاڑی خواجہ سعید حئی انتقال کرگئے

کراچی: پاکستان کے سابق ٹینس پلیئر خواجہ سعید حئی 91 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔

خواجہ سعید حئی 5 مارچ 1930ء کو بھارت کے شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئے اور وہیں سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا اور اعلیٰ تعلیم علی گڑھ یونیورسٹی سے حاصل کی، وہ سرسید احمد خان کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

خواجہ سعید حئی پہلے پاکستانی ٹینس سٹار تھے جو گرینڈ سلام کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مین ڈراز میں شامل ہوئے۔انہوں نے 1955ء اور 1956ء میں ومبلڈن چیمپئن شپ کے مین راؤنڈ کھیلے جبکہ فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ حاصل کی،ومبلڈن میں انہوں نے سنگلز اور مکسڈ ڈبلز میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے 1964ء میں یو ایس اوپن اور پاکستان کی جانب سے ڈیوس کپ مقابلوں میں شرکت کی،انھوں نے ڈیوس کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی 32 بار قیادت کی۔

فرنچ ٹینس فیڈریشن نے چیمپئن شپ کے 100 سال مکمل ہونے پر ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے نام پر یادگاری دیوار بنائی جس میں خواجہ سعید حئی کا نام بھی شامل تھا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے انھیں گولڈ میڈل سے بھی نوازا تھا۔ خواجہ سعید حئی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر بھی رہے،مرحوم نے سواگوران میں پہلی اہلیہ سے 4بیٹیاں اور دوسری اہلیہ سے 2بیٹے اور 2بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close