شاہین شاہ آفریدی کو کس چیز کا ڈر؟
لاہور: قومی کھلاڑی جنید خان نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں جگہ کھونے سے ڈرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں جنید خان کا کہنا تھا کہ ڈر کی وجہ سے نوجوان بولر شاہین شاہ ہر میچ میں کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، ورک لوڈ کے معاملے میں ہمیں مغربی ٹیموں سے سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ورک لوڈ کے باعث انگلینڈ کی ٹیم ایک میچ میں جیمز اینڈریسن جبکہ دوسرے کھیل میں براڈ کو میدان میں اتارتی ہے، ان کے کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ کھونے کا ڈر نہیں ہوتا۔
جنید خان نے سلیکشن ٹیم پر بھی سوالات اٹھا دیے اور کہا کہ جن کھلاڑیوں کے چیف سلیکٹر یا کوچ سے اچھے تعلقات ہوتے ہیں، انہیں ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیم میں شامل کرلیا جاتا ہے۔
بولر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں حسن علی کے بعد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں میری تھیں مگر اس کے باوجود مجھے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا، ٹیم میں اچھے تعلقات والوں کو جگہ دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امریکا سے کھیلنے کی بڑی پیش کش ہوئی لیکن میں نے ملک میں رہنے کو ترجیح دی لیکن صلہ نہیں دیا گیا۔