ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ : بھارت میں میگا ایونٹ کا انعقاد تاحال خطرے میں
نئی دہلی : بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے میگا ایونٹ کا انعقاد تاحال غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے، بی سی سی آئی نے مزید وقت مانگ لیا۔
بھارت میں رواں برس کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونا ہے تاہم کورونا وائرس کی جان لیوا وبا کی وجہ سے اس پر شکوک و شبہات کے سائے منڈ لا رہے ہیں بلکہ مزید گہرے ہوتے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ بھارت میں ہوگا یا کہیں اور اس کا انعقاد کیا جائے اس کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا، بی سی سی آئی نے ٹی 20ورلڈ کپ سے متعلق فیصلے کیلئے آئی سی سی سے مزید وقت مانگ لیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹی20ورلڈ کپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ جون میں کیا جائے گا، واضح ریے کہ رواں سال ٹی 20ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے۔
کھیلوں کے تجزیہ کار اور تجربہ کار صحافی آدیش گپت کہتے ہیں کہ بھارت ایک طرف جہاں آئی پی ایل میں وبا سےتحفظ کے لیے، “بائیو ببل کے انتظام میں بری طرح ناکام رہا وہیں ماہرین ایک تیسری کورونا لہر کے بارے میں بھی خبردار کر رہے ہیں، تو اس صورت میں ٹی20 ورلڈ کپ کا بھارت میں ہونا بہت مشکل ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا پہلے ہی بھارت میں ایونٹ کے انعقاد کو مشکل قرار دے چکا ہے۔ قبل ازیں سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی نے یو اے ای کو میزبانی کے لیے بہترین آپشن قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں تو زیادہ ٹیمیں ہوں گی جبکہ بھارتی لیگ میں آٹھ ٹیمیں تھیں، میچز مختلف بھارتی شہروں میں ہوں گے تو کورونا کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، پلئینگ کنڈیشنز کا اعلان
بھارتی کرکٹ بورڈ نے 29 مئی کو اجلاس طلب کیا ہے اجلاس میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بھارت میں انعقاد سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کو ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کا قومی امکان ہے۔