سرفراز احمد نے دورہ ویسٹ انڈیز میں نئے ٹیلنٹ سے امیدیں باندھ لیں
لاہور: قومی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم سیریز میں شرجیل جیسے پلیئر کی عدم موجودگی سے فرق تو پڑے گا لیکن پرامید ہوں کہ ہمارے نئے آنے والے پلیئرز اس خلا کو پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اظہر علی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا کیریئر ختم ہو گیا۔ انہیں ٹیم سے باہر رکھنا ہی مقصود ہوتا تو انہیں ٹریننگ کیمپ میں کیوں بلایا جاتا، ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرزکی صلاحیتوں کو آزمانے کیلیے یہ فیصلہ کیا گیا۔ محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی ٹیم کے لیے اہم ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بولرز اہم کرداراداکریں گے، ان فارم پلیئرز کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ عمر اکمل کوٹیم سے باہرنہیں کیا گیا بلکہ فٹنس مسائل کی وجہ سے شامل نہیں ہوسکے۔ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔