ٹوکیو: اولمپکس کے مقابلوں کو میدان میں بیٹھ کر دیکھنے والے شائقین کے لئے بڑی شرائط عائد
ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس کے مقابلوں کو میدان میں بیٹھ کر دیکھنے والے شائقین کے لئے بڑی شرائط عائد کردی گئیں ہیں۔
جاپانی اخبار یومی اور ی شیم بُن کی رپورٹ کے مطابق اولمپکس میدانوں میں داخلے کی اجازت سے قبل تماشائیوں کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ کرونا کی منفی رپورٹ پیش کریں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقابلوں کے ایک ہفتہ کے اندر پی سی آر کا ٹیسٹ لینا ضروری ہے، اگر تماشائی ویکسینیشن کا ثبوت پیش کریں تو پی سی آر کا سرٹیفکیٹ ضروری نہیں ہے۔
اس سلسلے میں سرکاری عہدیداروں نے جاپانی اخبارات کو بتایا کہ پی سی آر ٹیسٹ تماشائیوں نے بذات خود کرانے ہونگے۔
ٹوکیو اولمپک کے منتظمین تاحال ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے ہیں کہ مقامی تماشائیوں کو میدانوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔
منتظم ٹوکیو اولمپک کمیٹی کے صدر سیکو ہاشی موٹو نے چند روز قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تک فیصلہ نہیں کیا جا سکتا جب تک ٹوکیو سمیت نو پریفیکچرز پر محیط کرونا کی ہنگامی حالت ختم نہیں کردی جاتی۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کو غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر منعقد کرانے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے، یہ فیصلہ جاپان میں ہونے والے ایک پول کے بعد کیا گیا تھا، جس میں 75 فیصد جاپانی ٹوکیو اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت کے مخالف رہے، پول میں صرف 18 فیصد افراد نے غیر ملکی شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، بھارت میں میگا ایونٹ کا انعقاد تاحال خطرے میں
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا، یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب یہ نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونگے۔