اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی پی سی بی کا کام ہے، ایف آئی اے تحقیقات روک دے، نجم سیٹھی
لاہور: پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ایف آئی اے سے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز کے خلاف کارروائی کرنا پی سی بی کا کام ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو انکوائری کیلئے خط نہیں لکھا بلکہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف ہم انکوائری کر رہے ہیں ۔”ایف آئی اے کو بکیز کے خلاف کارروائی کرنی چاہئیے “۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد ایف ائی اے کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرے تو کوئی مسئلہ نہیں ۔ہم نے ایف آئی اے سے موبائل فون ڈیٹا کی تصدیق کو کہا تھا ، تحقیقات کو نہیں۔ انکوائری پی سی بی کو کرنے دیں یہ ہمارا کام ہے ہم تحقیقات کے بعد سارا ڈیٹا ایف آئی اے کو دیں گے پھر وہ چاہیں تو سزا دیں۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی کی جانب سے ایف آئی اے سے تعاون کی درخواست پر ایف آئی اے حرکت میں آئی،پانچوں کھلاڑیوں کے نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیے گئے۔تاہم اب پی سی بی اب چاہتا ہے کہ ایف اائی اے تحقیقات روک دے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے اسے پانچوں کھلاڑیوں کے موبائل فونز فراہم کیے جائیں جو بعد میں ثبوت کے طور پر پیش کیے جاسکیں۔اس سلسلے میں ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تاہم چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا ہے ایف آئی اے پی سی بی کو اپنی تحقیقات پوری کرنے دے۔اس کے بعد تمام ڈیٹا تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا جائے گا۔