فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی مقرر کردہ سزائیں ملنی چاہئیں، انضمام الحق
لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ کرپشن پر پی سی بی اور آئی سی سی کا موقف ایک ہے جب کہ میچ فکسنگ میں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ سزائیں ملنی چاہئیں۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی فکسنگ میں ملوث ہو کر اپنا کیریئر داﺅ پر مت لگائیں، 2010 میں بھی کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ پر سخت سزا دی گئی اور موجودہ کیس کا فیصلہ بھی قوانین کے مطابق ہو گا۔ سابق کپتان نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں کئی سینئر پلیئرز رخصت ہو جائیں گے اسی لیے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں موقع دیا گیا ہے تاکہ مختلف کنڈیشنز میں سینئرز کے ساتھ کھیل کر ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اظہر علی اور سہیل خان کو مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا گیا جب کہ کامران اکمل کو ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی کی بنا پر بطور بیٹسمین ٹیم میں شامل کیا گیا، وکٹ کیپنگ کے فرائض بدستور کپتان سرفراز احمد ہی انجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد حفیظ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا، بولنگ اور بیٹنگ میں ٹیم کو ان کی صلاحیتوں سے فائدہ پہنچے گا۔