پاکستان نے جمیکا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی
کنگسٹن: پاکستان نے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے آخری روزمیزبان ٹیم 152 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لئے صرف 32 رنز کا ہدف ملا جو مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ گرین کیپس کی جانب سے اظہرعلی 1، احمد شہزاد اور یونس خان 6،6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مصباح الحق 12 اور بابراعظم 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کے شینن گیبریل، الزاری جوزیف اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیل کے پانچویں روز پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 152 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوئی۔ پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو میزبان ٹیم نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 93 رنز سے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستانی بولرز میدان میں چھائے رہے اور شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا۔