اینٹی کرپشن یونٹ کو تحقیقات کا اختیار نہیں، خالد لطیف عدالت پہنچ گئے
لاہور: پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرکٹر خالد لطیف نےلاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔ کرکٹر خالد لطیف نے اپیل میں پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ اور ٹریبونل کی کارروائی روکنے کے لیے سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ سنگل بینچ نے خالد لطیف کی درخواست ابتدائی سماعت پر ہی مسترد کردی تھی۔ اپیل میں اعتراض اٹھایا گیا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کو اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کا اختیار نہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔
خالد لطیف نے اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کرنے والے ٹریبونل کے دائرہ احتیار کو بھی چیلنج کیا ہے۔ خالد لطیف کے وکیل نےاپیل میں نشاندہی کی کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے رولز نوٹیفائڈ نہیں اور اسی وجہ سے کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی۔ خالد لطیف نے اپیل میں استدعا کی کہ اینٹی کرپشن یونٹ اور ٹربیونل کو ان کے خلاف تحقیقات اور کارروائی سے روکا جائے۔ اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔