افغان خواتین کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت مل گئی
افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ہماری لڑکیاں روزمرہ بنیادوں پر کرکٹ کھیلیں گی
افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین میر واعض اشرف نے کہا ہے کہ افغانستان کی خواتین کرکٹرز کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھ سکتی ہیں۔
تولو نیوز کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے محکمہ جاتی منیجرز کے ساتھ پہلی ملاقات میں نئے چیئرمین بورڈ نے کہا کہ خواتین کرکٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اہم مطالبات میں سے ایک ہے اور ہم ان تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری لڑکیاں روزمرہ بنیادوں پر کرکٹ کھیلیں گی اور ہم انہیں بنیادی ضروریات کے ساتھ ساتھ تمام سہولیات فراہم کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے مطالبات کی قدر کرتا ہے اور ملک میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
آئی سی سی نے افغانستان کرکٹ میں حالیہ تبدیلیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ افغانستان کرکٹ کی صورتحال جاننے کے لیے ایک گروپ قائم کریں گے۔
میر واعض اشرف نے کہا کہ ہم مسائل حل کریں گے اور بورڈ کے تمام ملازمین اپنے علاقوں کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کریں گے۔
چند ماہ قبل افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کی کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں شرکت پر پابندی عائد کردی تھی۔
البتہ طالبان نے مرد کرکٹرز کے کھیلنے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی تھی۔