کھیل و ثقافت

بھارت نے پی سی بی کو ہرجانہ ادا نہیں کیا توعدالت میں جائیں گے، نجم سیٹھی

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے پی سی بی کو ہرجانہ ادا نہیں کیا تو اس کے خلاف انٹرنیشنل ٹریبونل میں جائیں گے۔ لاہورمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کیساتھ سیریز نہ کھیل کر معادہے کی خلاف ورزی کی ہے اور مد میں پاکستان کو تقریباً 70 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس نقصان کا ازالہ بی سی سی آئی کو کرنا ہوگا۔29 مئی کو دبئی میں اس حوالے سے اجلاس ہورہا ہے جس میں دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے پی سی بی کو ہونے والے نقصان پر بات کی جائے گی اور اگر معاملہ حل نہ ہوا تو ہم آئی سی سی سے مداخلت کی درخواست کریں گے اور تب بھی بات نہیں بنی تو ہم بھارت کے خلاف انٹرنیشنل ٹریبونل میں جائیں گے۔ یہ ہمارا حق ہے اور ہم اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے جب کہ بھارت سے کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے مختلف تجاویز ہیں تاہم اس معاملے پر آئندہ دو ماہ میں تمام چیزیں واضح ہوجائیں گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشن کامیاب رہے، مخالفین نے پاکستان میں پی ایس ایل کا فائنل نہ ہونے کی باتیں کیں اور کہا گیا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد مشکل ہے، لیکن ہم نے پاکستان میں پی ایس ایل کا فائنل کر کے دکھایا جب کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کوشش ہے کہ چار میچز کراچی اور چار میچ لاہور میں کرائے جائیں۔انٹرنیشنل ٹیموں کو بھی ملک میں لانے کی کوشش کررہے ہیں اوردسمبرمیں ایک بین الاقوامی ٹیم تین میچوں کی سیریزکھیلنے پاکستان آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ کے اندر پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لایا جائے گا، کیونکہ جب تک ملک میں ریجنل کرکٹ مضبوط نہیں ہوگی، پاکستانی کرکٹ ترقی نہیں کر سکتی۔ ریجنل کرکٹ کے اندر ڈویلپمنٹ بجٹ کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، اس سلسلے میں اقدامات کریں گے۔اس موقع پر انہوں نے چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریارخان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنے والی پی سی بی نے آئی سی سی میں ”بگ تھری“ کی حمایت کا فیصلہ کیا تو بدلے میں بھارت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے، اس کے تحت 2014 سے 2023 تک دونوں ملکوں کے درمیان 6 دو طرفہ سیریز طے پائیں، اس دوران دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات اور سرحدوں پر کشیدگی پیدا ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد بھارتی بورڈ اپنی حکومت سے اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کرتے ہوئے سیریز کھیلنے سے مسلسل انکار کرتا رہا ہے جس کے جواب میں پی سی بی نے باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ کو 64 ملین ڈالر کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلیے لیگل نوٹس جاری کیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close