آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی
ایجبسٹن: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ساتویں میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کو 19 رنز سے شکست دے دی۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 220 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 27 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ کو روکنا پڑا اور میچ کے دوبارہ شروع نہ ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان نے 19 رنز سے کامیابی سمیٹی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور اظہر علی نے کیا اور دونوں کے درمیان 40 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا جب وہ مورنے مورکل کی گیند پر سلپ میں کھڑے ہاشم آملہ کے ہاتھون کیچ دے بیٹھے، وہ 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جب کہ اسی اوور میں ہی اظہر علی بھی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ اور بابر اعظم نے سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن حفیظ 53 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شعیب ملک نے بابر اعظم کا ساتھ دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 26 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ روکنا پڑا، بابر اعظم 31 اور ملک 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیئرز نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے ہاشم آملہ 16 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ ڈی کوک کو حفیظ نے 36 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا، کپتان اے بی ڈی ویلیئر کو عماد وسیم نے پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرکے پروٹیز کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ فاف ڈپلسی اور ڈیوڈ ملر نے چوتھی وکٹ کے لیے 29 رنز کی شراکت قائم کرکے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن حسن علی نے ڈپلسی کو 26 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ حسن علی نے جے پی ڈومنی کو بھی 8 رنز پر آؤٹ کیا، پارنیل کو بھی پہلی ہی گیند پر بولڈ کردیا۔
ڈیوڈ ملر نے کرس مورس کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 47 رنز کی انتہائی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا، اس دوران جنید خان نے کرس مورس کو بولڈ بھی کیا لیکن بدقسمتی سے ان کی وہ گیند نوبال قرار پائی جس سے مورس کو نئی زندگی مل گئی تاہم اگلے ہی اوور میں جنید خان نے ہی مورس کو 28 رنز پر پویلین بھیج دیا جب کہ رباڈا بھی 26 رنز بناکر جنید کا شکار بنے تاہم ڈیوڈ ملر آخر تک ڈٹے رہے اور 75 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جنید خان اور عماد وسیم نے بھی 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آخری بار 7 مارچ 2015 کو ورلڈکپ کے میچ میں مدمقابل آئی تھیں جس میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 29 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔