انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چمپیئنز ٹرافی سے باہر کردیا
برمنگھم: انگلینڈ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ برمنگھم میں ایجبسٹن کے میدان میں کھیلے گئے گروپ ’اے‘ کے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔تاہم پھر آروون فنچ اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز کی اہم شراکت قائم کی، آروون فنچ 8 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بین اسٹوکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔161 کے مجموعی اسکور پر موئسز ہینرِکس بھی 17 بنانے کے بعد آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اپنی ٹیم کے اسکور کو 277 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹیون اسمتھ 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین میکس ویل تھے جنہوں نے 20 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔میتھیو ویڈ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ سکھا سکے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کی گیند پر ان کے ہی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی ایک طرف جہاں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب ٹراوِس ہیڈ چھوٹی چھوٹی پارٹنرشپس کرکے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے اور 71 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کے اسکور میں کلی کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کے دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مچل اسٹارک صفر، پیٹ کمنز 4 اور ایڈم زیمپا صفر پر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور عادل رشید نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ بین اسٹوکس کے حصے میں آئی۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب کیا تو ابتدا میں ہی انھیں نقصان اٹھانا پڑا جب دونوں اوپنر 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ تجربہ کار بلے باز جوروٹ بھی 15 رنز بنانے کے بعد 35 کے اسکور پر ہیزل ووڈ کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ کپتان آئن مورگن نے ایک مشکل وقت میں آل راؤنڈر بین اسٹوکس کےساتھ مل کر ٹیم کی ناؤ کو پار کرنے ذمہ داری لی اور 159 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 194 رنز تک پہنچادیا۔مورگن 87 رنز بنا کر زیمپا کی بہترین فیلڈنگ کا نشانہ بن گئے اور رن آؤٹ ہوگئے تاہم وہ ٹیم کو جیت کے قریب لانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ بین اسٹوکس نے اپنی بہترین بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھا اور شاندار سنچری مکمل کی اور جب انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹوں پر 240 رنز تھا تو بارش نے مداخلت کی اور میچ دوبارہ شروع نہیں ہوسکا جس پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت انگلینڈ کو 40 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔
بین اسٹوکس 102 اور جوز بٹلر 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے2 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا اس شکست کے ساتھ ہی چمپیئنزٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2017 کا یہ مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اس میچ کے نتیجے میں یہ بات واضح ہوجانی تھی کہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش میں سے کون سی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں اس سےقبل 2 میچ کھیلے تھے اور دونوں ہی میچ بے نتیجہ ختم ہوئے اور اس کے کل 2 پوائنٹس ملے تھے جبکہ دوسری جانب انگلینڈ اپنے دونوں میچ جیت کر سیمی فائنل تک رسائی چکی تھی اور اس کے کل 4 پوائنٹس تھے جو بڑھ کر 6 ہوگئے۔دوسری جانب بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا تھا، گروپ اے میں اس وقت بنگلہ دیش 33 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔تاہم آسٹریلوی ٹیم کامیابی کی صورت میں بنگلہ دیش کے بجائے سیمی فائنل میں پہنچ جاتی کیونکہ جیت کے ساتھ ہی اس کے پوائنٹس کی تعداد 4 ہوجاتی۔