پاکستان اورانگلینڈ سیمی فائنل میں آج مد مقابل ہوں گے
کارڈف: چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اورانگلینڈ آج مد مقابل ہوں گے جب کہ ورلڈ کپ1992 کے بعد پہلی بار دونوں ٹیمیں کسی ون ڈے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچ میں ٹکرائیں گی۔چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی پرفارمنس اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے، پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، پھر بارش سے متاثرہ دوسرے مقابلے میں بہتر بولنگ اور فیلڈنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو مات دی، اس کے بعد سری لنکن ناقص فیلڈنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی پاکرسیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اب اس کا مقابلہ انگلش ٹیم سے ہوگا جوچیمپئنز ٹرافی کے گروپ مرحلے میں بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو زیر کرکے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان ورلڈ کپ 1992فائنل کے بعد کسی بھی ون ڈے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچ میں پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل آرہے ہیں، گزشتہ 14 باہمی ایک روزہ میچز میں سے 12 میں انگلش ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے، آخری مرتبہ پاکستان نے کارڈف میں گزشتہ برس ستمبر میں انگلینڈ کو شکست دی تھی جس میں سرفراز کی قیادت میں ہی 303 رنز کا ہدف حاصل کیا گیا۔
سرفراز احمد اب بھی کارڈف میں اچھی پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھنے کے خواہاں مگر اپنی بیٹنگ کی غیرمستقل مزاجی سے بھی کافی پریشان ہیں، انہوں نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ہمارا آغاز اچھا رہا مگر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں یکے بعد دیگرے گرنے لگیں، ہمیں اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انگلینڈ کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ایک روزہ کرکٹ کی بہترین ٹیم ہے جسے زیر کرنے کیلیے ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ادھر انگلش کپتان مورگن بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پُراعتماد ہیں، انہوں نے کہاکہ اگر جونی بیئر اسٹو نے اوپننگ کی تو مجھے کوئی پریشانی نہیں ہوگی، ہم اس وقت ایک بیٹنگ یونٹ کے طور پر بہترین پوزیشن میں ہیں، پہلی ون ڈے ٹرافی پانے کیلیے ہماری پیش قدمی جاری رہے گی۔