کھیل و ثقافت

انگلینڈ کو شکست دیکر پاکستان پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

کارڈف: اکستان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلش بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 211 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے فخر زمان اور اظہر علی کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 2 وکٹ کے نقصان پر 38ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فخر زمان نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا، فخر نے اننگز کی چوتھی ہی گیند پر شاندار چھکا لگاکر اپنے جارحانہ عزام کا اظہار کیا جب کہ دونوں اوپنرز نے پہلی بار ایونٹ میں سنچری کی شراکت قائم کی، اس دوران فخر زمان نے ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اظہر علی نے محتاط انداز میں اپنی ذمہ دارانہ اننگز کو جاری رکھتے ہوئے تیسری وکٹ کیلیے بابراعظم کے ساتھ ملکر 55 رنز کی شراکت داری قائم کی مگر ان کی سنچری بنانے کی کوشش رائیگاں گئی اور وہ 76 رنز پر بولڈ ہوگئے۔ بابراعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کیلیے 42 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، بابر اعظم 38 اور حفیظ 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئر اسٹو اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیبیو کرنے والے رومان رئیس نے اپنے تیسرے ہی اوور میں الیکس ہیلز کو 34 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی وہ 13 رنز بناسکے جب کہ بیئراسٹو بھی 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 رنز پر حسن علی کا شکار بنے۔ جوئے روٹ نے تیسری وکٹ کیلیے کپتان مورگن کے ساتھ ملکر 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم حسن علی نے مورگن کو 33 رنز پر پویلین بھیج کر اس شراکت کا خاتمہ کیا جب کہ جوئے روٹ بھی 46 رنز ہی بناسکے۔ جوز بٹلر بھی مزاحمت بھی 4 رنز تک ہی محدود رہی اور فخر زمان نے جنید خان کی گیند پر معین علی کا شاندار کیچ لے کر 11 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا اور پچھلے آسٹریلیا کے خلاف شاندار سنچری بنانے والے بین اسٹوکس بھی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے رہے اور آخر کار حسن علی نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، وہ 64 گیندوں پر 34 رنز ہی بناسکے۔ لیام پلنکٹ بھی 9 رنز بناکر روما رئیس کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، جنید خان اور رومان رئیس نے 2،2، جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی میں سعید اجمل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، حسن علی نے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ حسن علی کو شاندار کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اپنی کارکردگی بھائی کے نام کرتا ہوں جب کہ اظہر محمود نے بولنگ میں بہت مدد کی۔
دوسری جانب صدر مملکت ، وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف نے ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر پاکستان کی جیت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے فائنل کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close