کھیل و ثقافت
زمبابوین کرکٹر برینڈن ٹیلر پر پابندی عائد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زمبابوین کرکٹر برینڈن ٹیلر پر پابندی عائد کردی ہے۔
آئی سی سی نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق زمبابوے کے برینڈن ٹیلرپر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق برینڈن ٹیلر نے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈکٹ کے 4 قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد اُن پر ساڑھے 3 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ برینڈن ٹیلر نے گزشتہ دنوں اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کیا تھا اور بتایا کہ 2019ء میں انہیں بھارتی بکیز نے فکسنگ کے لیے مجبور کیا تھا۔
زمبابویں کرکٹر نے مزید کہا تھا کہ بھارتی بکیز نے بھارت بلا کر کوکین کا نشہ کرایا اور اس دوران میری ویڈیو بنائی اور مجھے بلیک میل کیا۔
برینڈن ٹیلر نے یہ بھی کہا کہ ویڈیو ریلیز کرنے کی دھمکی دی گئی، اس لئے بکیز کی بات ماننا پڑی، بھارتی بکیز نے اسپاٹ فکسنگ کے عوض 15 ہزار ڈالرز دیے تھے۔