سرکاری املاک حملہ کیس، عمران خان نے تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرادیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت 4 مقدمات میں تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا، میڈیا ذرائع کے مطابق عمران خان نے تفتیشی افسر کو وہی بیان ریکارڈ کرایا جو وہ پہلے تحریری طور پر جمع کراچکے تھے، اپنے بیان میں انہوں نے اپنے اوپر لگے ہوئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر قائم مقدمات جھوٹ پر مبنی اور سیاسی نوعیت کے ہیں۔ عمران خان نے اس سے قبل اپنا ایک تحریری بیان اپنے نمائندے کے ذریعے تھانے بھجوایا تھا، جس پر پولیس حکام نے کہا تھا کہ یہ فوجداری مقدمہ ہے اس میں عمران خان کا خود پیش ہونا ضروری ہے۔ عمران خان کل جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت میں دوبارہ پیش ہوں گے۔ واضح رہے کہ 2014 میں دھرنوں کے دوران عمران خان کے خلاف ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد، پی ٹی وی کی عمارت پر دھاوا اور پارلیمنٹ پر حملے سمیت 4 مقدمات درج کئے گئے تھے، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر انہیں اشتہاری بھی قرار دے دیا تھا تاہم گزشتہ ماہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہوگئے تھے۔