سمیرا ملک کی بھی نااہلی ختم، انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت
سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سمیرا ملک کی نااہلی کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سابق رکن قومی اسمبلی سمیرا ملک کی نااہلی کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ سمیرا ملک نے سپریم کورٹ سے الیکشن میں حصہ لینے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ سپریم کورٹ نے سمیرا ملک کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی نااہلی کو معطل کردیا اور عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ فارنسک رپورٹ کے مطابق سمیرا ملک کی تصویر اصلی ہے، تحقیق کے بغیر کیسے دستخط اور تصاویر کو جعلی کہہ سکتے ہیں، اب تو جانچ کیلئے سائنسی طریقے موجود ہیں، کسی عورت پر جعلسازی کا دھبہ نہیں لگنے دیں گے۔سمیرا ملک نے 2008 میں خوشاب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔ اکتوبر 2013 میں سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں بی اے کی ڈگری میں رد و بدل پر سمیرا ملک کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ سمیرا ملک کی نااہلیت کا فیصلہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بینچ نے سنایا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی بھی معطل کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کےلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔