ملازمین کو تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، چیف جسٹس
لاہور: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قرار دیا ہے کہ ملازمین کو تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صحافیوں کی تنخواہوں عدم ادائیگی کے معاملے سماعت ہوئی۔ میڈیا ورکرز کے گروپ ایمرا کے صدر آصف بٹ متاثرہ صحافیوں سمیت شکایت سیل میں پیش ہوئے اور چیف جسٹس کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔
آصف بٹ نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے صحافیوں کو گزشتہ 2 ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم پر چند میڈیا مالکان نے صرف ایک ماہ کی تنخواہ دی ہے، جیو ٹی وی، بول ٹی وی، کیپیٹل ٹی وی، اسٹار ایشیا سمیت دیگر نے صحافیوں کی تنخواہیں ادا نہیں کیں، بیشتر میڈیا مالکان نے عدالتی حکم پر من و عن عملدرآمد نہیں کیا۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر صحافیوں نے چیف جسٹس کو اپنی شکایات سے فردا فردا بھی آگاہ گیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تمام میڈیا مالکان کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صحافی پریشان نہ ہوں، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیا مالکان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، انہیں جیل جانے کا اتنا ہی شوق ہے تو یہ شوق پورا کردیں گے۔