کورونا ڈیوٹی کرنا والا ایس ایس یو کا کمانڈو زندگی کی بازی ہار گیا
اہلکارکےانتقال پردکھ کااظہارکرتےہوئےواقعےکی انکوائری کاحکم دیا
کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانہ شارع نوجہاں تھانے کے ذمے داران کی غفلت کے سبب کورونا ڈیوٹی کرنا والا ایس ایس یو کا کمانڈو زندگی کی بازی ہار گیا۔
جاں بحق پولیس اہلکار کی دوست کے ساتھ فون پر بات چیت کی آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے منظر عام پر آنے کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اعلیٰ افسران حرکت میں آئے اور اہلکار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا جس کے بعد شارع نور جہاں تھانے کے ہیڈ محرر اور منشی کو غفلت و لاپروائی کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔
اس حوالے سے کمانڈو کانسٹیبل محمد راشد کی وائس ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں سکھر کا رہائشی پولیس اہلکار محمد راشد کراچی کے اسپتالوں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے لرزتی ہوئی آواز میں اپنے دوست کو طبیعت کی خرابی سے متعلق بتا رہا تھا جس میں اس کا کہنا تھا کہ میری طبیعت بہت زیادہ خراب ہے۔ چھٹی کی درخواست دی لیکن منظور نہیں ہوئی۔
راشد نے دوست کو کہا کہ تم آجاؤ اور مجھے اسپتال لے چلو مجھے یہاں کے سرکاری اسپتالوں کا کچھ علم نہیں بعدازاں ایس ایس یو کا جوان راشد ٹرین کے ذریعے سکھر جاتے ہوئے دوران سفر ہی گزشتہ روز انتقال کر گیا تھا۔
ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ایس ایس یو کے جوان محمد راشد کو عارضی طور پر ایمرجنسی ڈیوٹی میں شارع نورجہاں تھانے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اپنے فرائض احسن طریقے انجام دے رہا تھا ، ایس ایس پی سینٹرل نے محمد راشد کی وفات سے قبل کی سامنے آنے والی آڈیو ریکارڈنگ کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔