آج سے جو مرے گا وہ نیٹو کی وجہ سے مرے گا
نیٹو سربراہی اجلاس کمزور اور الجھنوں سے بھرا تھا
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نےنو فلائی زون قرار نہ دینے کے نیٹو کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین نہیں بچتا تو یورپ بھی نہیں بچے گا۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کا جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ نیٹو سربراہی اجلاس کمزور اور الجھنوں سے بھرا تھا، آج سے جتنے لوگ مریں گے وہ نیٹوکی وجہ سے مریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نیٹو نےجان بوجھ کر یوکرین پر نو فلائی زون کا اطلاق نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیٹو ملکوں کی تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں دشمن کے منصوبوں سے واقف ہیں۔
یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر یوکرین نہیں بچتا تو یورپ بھی نہیں بچ سکے گا، یوکرین ختم ہوا تو یورپ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ نیٹو نے یورپی یونین اور نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یوکرین کی نو فلائی زون قرار دیے جانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے نیٹو سے یوکرینی فضائی حدود کو نو فلائی زون قرار دینے کی درخواست کی تھی۔
یوکرینی صدر نے نیٹو سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی اقدام کریں، یوکرین کو شام میں تبدیل ہونے نہ دیا جائے، ایئر اسپیس بند نہیں کرنا تو جنگی طیارے اور ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کیے جائیں۔