اسرائلی صدر ترک صدر سے ملاقات کے لیے انقرہ پہنچ گئے
انقرہ:کسی بھی اسرائیلی سربراہ کا 2007 کے بعد ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے
اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوک ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کے لیے انقرہ پہنچ گئے۔
کسی بھی اسرائیلی سربراہ کا 2007 کے بعد ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے جس میں دونوں ممالک کشیدہ تعلقات کو دوبارہ مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہودی ریاست اور اکثریتی مسلم ملک ترکی، جو فلسطینی کاز کا حامی ہے، کے درمیان ایک دہائی سے زیادہ سفارتی تعلقات ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھے۔
عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کا ترک دورہ یوکرین پر روسی حملے سے چند ہفتے قبل طے ہوا تھا۔
اسرائیلی سربراہ ہرزوگ نے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم ہر چیز پر متفق نہیں ہوں گے، اسرائیل اور ترکی کے درمیان تعلقات یقینی طور پر حالیہ برسوں میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں تاہم ہم اپنے تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کریں گے اور محتاط انداز میں استوار کریں گے۔
دو روزہ دورے کے ایجنڈے کے اہم مسائل میں ممکنہ طور پر یورپ کو گیس کی فروخت شامل ہو گی جو کہ یوکرین تنازعے کے دوران ایک فوری حل طلب مسئلے کی صورت اختیار کرچکا ہے۔