اسرائیل کا بھارت کو پاکستان کیخلاف ہرممکن تعاون کا عندیہ، بھارتی میڈیا
نئی دلی: اسرائیل نے حماس اور لشکر طیبہ کو ایک ہی جیسی تنظیمیں قرار دیکر بھارت کو عندیہ دیا ہے کہ تل ابیب اسلام آباد کے مقابلے میں نئی دہلی کی ہر ممکن مدد کریگا۔ پاکستان ویوز نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل نے پاکستان کے خلاف بھارت کی غیر مشروط اور مکمل مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ غاصب صہیونی حکومت کے مطابق حماس اور لشکر طیبہ میں کوئی فرق نہیں لہذا تل ابیب اسلام آباد کے مقابلے میں نئی دہلی کی ہرممکن مدد کریگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مارک صوفر نے مقبوضہ بیت المقدس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور اسرائیل بھارت کو پاکستان سے درپیش دہشت گردی سے نمٹنے میں مکمل مدد دے گا۔ مارک صوفر نے کہا کہ اسرائیل نے کبھی اپنے عزائم نہیں چھپائے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھارت کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرتا ہے، بھارت کو نہ صرف پاکستان بلکہ اندرون ملک بھی دہشت گردی کا سامنا ہے، جس کا حالیہ تاریخ میں مشاہدہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لشکر طیبہ ہو یا حماس دونوں میں کوئی فرق نہیں، نہ ہم نے پہلے ان دونوں تنظیموں میں کوئی فرق کیا نہ آج کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں ہم خیال ممالک ہیں جنہیں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی، کیونکہ کوئی ملک تن تنہا یہ کام نہیں کرسکتا۔ دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان ملاقات میں دہشت گردی پر بات ہوگی۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے حکام ایسی حالت میں حماس اور لشکر طیبہ کو دہشتگردی کا ذمہ دار ٹہرا رہے ہیں کہ ان کے فلسطین اور کشمیر میں مظالم اقوام عالم سے ڈھکے چھپے نہیں