اسرائیلی فوج کیجانب سے غزہ کی پٹی پر حملے اور دوبارہ قبضے کی تیاری، مشقیں مکمل کرلیں
غزہ: اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر قبضے کے تناظر میں مشقیں مکمل کر لی ہیں۔ یہ پہلا موقع پر جب صہیونی فوج نے غزہ پر حملے اور علاقے پر دوبارہ قبضے کے انداز میں مشقیں شروع کی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج کے چھاتہ بردار بریگیڈ اور پیادہ فورس نے وادی گولان میں ایک ہفتے تک مشقیں جاری رکھیں۔ ان مشقوں میں فوج کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے اور علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کی تربیت دی گئی۔ فوجی مشقوں میں آرٹلری، توپ خانے، انجینئیرنگ، فضائیہ اور عوکٹز یونٹ کے دستوں نے حصہ لیا۔ ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوج کے جنوبی ریجن کی تمام بٹالینز کو غزہ کی پٹی پر قبضے کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔
جنگی مشقوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے صہیونی آرمی چیف جنرل گیبی آئزنکوت نے کہا کہ گذشتہ ایک عشرے کے دوران تین بڑی اور ایک چھوٹی جنگ کا غزہ کی پٹی کے خلاف تجربہ کرچکے ہیں۔ ہمیں اندازہ ہے کہ ان معرکوں میں کتنی پیچیدگیاں ہیں۔ ہمیں دشمن کو سپرپرائز دینے اور طاقت کا آخری حد تک استعمال کرنے اور کم سے کم وقت میں اہداف کے حصول کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ اسرائیلی فوج نے یہ جنگی مشقیں ایک ایسے وقت میں کی ہیں، جب عالمی سطح پر ماہرین یہ کہنے لگے کہ اسرائیل اور غزہ ایک بار پھر جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔