دنیا

قطر کشیدگی، امریکی سیکریٹری خارجہ کی سعودی بادشاہ سے ملاقات

امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹِلرسن نے قطر اور عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کے طور پر سعودی عرب کے بادشاہ اور خلیجی ملک کے خلاف متحد دیگر ممالک کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی نے توانائی سے مالا مال ملک قطر کو خطے میں تنہا کردیا ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق کویت سے مشرقی سعودی شہر جدہ کی طرف اپنے سفر سے قبل گزشتہ روز ریکس ٹلرسن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی۔

امریکی سیکریٹری خارجہ نے اپنے دورے کے دوران تنازع کے خاتمے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے والے کویتی امیر سے بھی ملاقات کی تھی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے جون کے اوائل میں قطر سے ہر طرح کے تعلقات اور روابط منقطع کردیے تھے۔ ان ممالک کی جانب سے قطر پر دہشت گرد گروپوں کی مدد کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کی خلیجی ملک نے تردید کی تھی۔

سعودی عرب پہنچنے کے بعد ریکس ٹلرسن نے پہلے شاہ سلمان سے ملاقات کی اور پھر چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ سے مذاکرات کیے۔ امریکی سیکریٹری خارجہ ممکنہ طور پر قطر مخالف بلاک پر کچھ مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے زور ڈالیں گے۔ قطر کی دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو سہارا دینے کے لیے گزشتہ روز امریکا اور خلیجی ملک نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ معاہدہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لیے قطر کی جانب مستقبل میں کی جانے والی کوششوں اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے حوالے سے مسائل سے متعلق ہے۔ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کو سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی بندش سمیت 13 مطالبات پیش کیے تھے۔ تاہم قطر کی جانب سے ان مطالبات کو نامناسب اور ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close