امریکا نے اپنے شہریوں کو شمالی کوریا جانے سے روک دیا
واشنگٹن ڈی سی: امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی شہریوں کے شمالی کوریا جانے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ متوقع طور پر یہ سرکاری اعلان 27 جولائی کو جاری کیا جائے گا جس کے ایک ماہ بعد امریکی شہری اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ شمالی کوریا کا سفر نہ کریں۔ اس پابندی کا فیصلہ امریکا اور شمالی کوریا میں جاری شدید کشیدگی کے باعث کیا گیا ہے کیونکہ شمالی کوریا ایک جانب تمام تر عالمی مخالفت کے باوجود اپنے میزائل تجربات جاری رکھے ہوئے ہے تو دوسری طرف اس نے کئی امریکی شہریوں کو بھی مختلف الزامات کے تحت اپنی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔
چند روز پہلے شمالی کوریا کی جیل سے رہائی پانے والے زخمی امریکی نوجوان کی ہلاکت کی خبروں سے امریکیوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ تین سال پہلے سیاحت کی غرض سے شمالی کوریا جانے والے اس امریکی نوجوان کو شمالی کوریا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جاسوسی کا الزام لگا کر گرفتار کرلیا تھا جہاں اسے دو سال تک قید میں رکھنے کے بعد پچھلے سال چھوڑ دیا گیا تھا۔ شمالی کوریا کی جیل میں بدترین تشدد سے اس نوجوان کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی اور امریکا واپس آنے کے چند ماہ بعد وہ ہلاک ہوگیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اس اعلان کا مقصد امریکی شہریوں کو ایک پرتشدد اور بے رحم ملک میں جانے سے باز رکھنا ہے۔