فلسطین آج بھی عالم اسلام کا اہم مسئلہ ہے، ایران
تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کی سرکوبی اور انہیں مسجد الاقصی میں نماز کی ادائیگی سے محروم کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ عالمی رائے عامہ، ذرائع ابلاغ، آزاد منش انسانوں، مختلف قوموں اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونی غاصبوں کے غیر انسانی اقدامات اور جارحیت کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کریں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ قبلہ اول کی حثیت سے مسجدالاقصی کا دنیا کے تمام مسلمانوں اور فلسطینوں سے ابدی تعلق ہے اور صیہونی حکومت اس علاقے میں دہشت گردی کی اصل جڑ بنی ہوئی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مقبوضہ فلسطین اور خاص طور سے قدس شریف کے حالات پر اسلام اور امت مسلمہ کی قیادت کا دم بھرنے والے بعض ملکوں کی خاموشی پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔ بہرام قاسمی نے عالمی اداروں خاص طور سے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں خاص طور سے انسانی حقوق کونسل اور یونیسکو سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور اسرائیل کے غیر انسانی اور غیر مہذب اقدامات کا سلسلہ بند کرائیں۔