گدھے اب گاڑی بھی چوری کرنے لگے
جنوبی افریقہ: جنوبی افریقہ میں پولیس نے ایک چوری شدہ لگژ ری کار کو گدھوں کی مدد سے دریا کے پار کھینچ کر زمبابوے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد چوری شدہ کار کو سمگل کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد زمبابوے کی جانب فرار ہو گئے،جبکہ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ اس نئے طریقے کے پیچھے کون سا مجرمانہ گروہ کام کر رہا ہے؟
پولیس بریگیڈیئر موجاپیلو کا کہنا ہے کہ مرسیڈیز بینز سی 220 گاڑی کو دریائے لمپوپو سے برآمد کیا گیا۔مقامی ذرائع ابلاغ نے موجاپیلو کے حوالے سے بتایا کہ مشتبہ افراد دریا سے گاڑی کو نکالنے کے لیے گدھوں کا استعمال کر رہے تھے لیکن ہمارے اراکین نے عین اس وقت ان پر قابو پایا جب بظاہر گدھے ریت کے ذریعہ گاڑی کو نکالنے کے قابل نہ رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عمل کے دوران گدھوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ابھی یہ واضح نہیں کہ چوروں نے گاڑی کو چلا کر زمبابوے کیوں نہیں پہنچایا جس کی ایک وجہ بظاہر یہ ہو سکتی ہے کہ جدید گاڑیوں میں زیادہ تر ٹریکنگ آلہ نصب ہوتا ہے اور اگر اسے چوری کر لیا جائے تو سیٹلائیٹ کی مدد سے اس کا پتہ لگا لیا جاتا ہے۔ جدید گاڑیوں میں نصب ٹریکنگ آلہ اسی صورت میں ایکٹو ہوتا ہے جب گاڑی چلتی ہے۔