ملائیشیا میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن، پاکستانیوں سمیت 400 افراد گرفتار
کوالا لمپور: ملائیشیا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاکستانیوں سمیت 400 افراد گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملائیشین حکام نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت کوالالمپور میں چھاپے مار کر 400 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان، بنگلا دیش اور بھارت سے ہے۔ پولیس اہلکار دروازے توڑ کر گھروں میں گھسے اور سیکڑوں افراد کو ہتھکڑیاں لگا کر تفتیش اور پوچھ تاچھ کے لیے تھانے لے گئے۔
پولیس کے مطابق زیر حراست افراد کے قبضے سے جعلی پاسپورٹس بنانے والی اور امیگریشن دستاویزات میں رد و بدل کرنے والی مشینیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملائیشیا میں اگلے ہفتے جنوب مشرقی ایشیا گیمز شروع ہونے والے ہیں جس سے قبل دارالحکومت میں سیکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔ ملائیشین حکام نے بتایا کہ ہر اس شخص کو گرفتار کیا جارہا ہے جس پر شام و عراق کی دہشت گردی تنظیموں سے تعلق کا شک ہے یا اس کے پاس سفری دستاویزات پوری نہیں۔ پولیس افسر ایوب خان نے کہا کہ جن غیرملکیوں پر دہشت گردوں سے تعلق کا شبہ ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔