چینی سائنسدانوں نے سائنس کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا: کلوننگ سے سپر گائے بنانے کا دعویٰ
چینی سائنسدانوں نے ایک ایسی گائے کی کلوننگ کا دعویٰ کیا ہے جو روزانہ تقریباً 50 کلو دودھ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
چینی ماہرین حیاتیات نے پہلی بار بڑی مقدار میں دودھ پیدا کرنے والی ہولسٹین گائے کی کلوننگ کی ہے جو سالانہ 18 ٹن دودھ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
غیر ملکی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق چین کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری کے سائنسدانوں نے جانور کے کان کے ٹشو کا استعمال کرتے ہوئے سومیٹک سیل نیوکلیئر ٹرانسفر کے ذریعے 3 بچھڑوں کی کلوننگ کی۔
اخبار کے مطابق ریسرچ ٹیم کے لیڈر جن یاپنگ نے کہا کہ چین میں مویشیوں کی بحالی کیلئے یہ تجربہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چین میں 70 فیصد گائیں بیرون ملک سے خریدی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دو سے تین سال کے عرصے میں ایک ہزار سے زیادہ سپر گائے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو بیرون ملک سے جانوروں کی سپلائی پر چین کے انحصار کو حل کرنے کیلئے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ چینی سائنسدانوں نے حالیہ برسوں میں خاص طور پر خنزیر، گھوڑے، بلیوں، کتوں اور دیگر جانوروں کی کلوننگ کے متعدد کامیاب تجربات کئے ہیں۔