عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، چین
چین نے پاکستان کیخلاف امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں ہیں اور عالمی برادری کو ان قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر رہا ہے، خطے اور عالمی امن کیلئے امریکا اور پاکستان کے تعاون پر چین خوش ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین دوستانہ قریبی سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات رکھتے ہیں۔ عالمی برداری کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی اقدامات کو تسلیم کرنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے نئی پالیسی میں پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں اور پاکستان کو دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ امریکا دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا۔