امریکہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں پر فکرمند ہے، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کیلئے مدد کو تیار ہیں، ریکس ٹیلرسن
واشنگٹن: امریکہ نے نئی پالیسی پر پاکستان کو ٹارگٹ کر لیا۔ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں پر فکرمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کو تیار ہیں۔ نئی امریکی پالیسی کے مطابق پاکستان کو اپنا لائحہ عمل تبدیل کرنا ہوگا۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے ساتھ بھارت کا بھی اہم کردار ہے۔ ادھر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلق حکمت عملی پچھلی امریکی انتظامیہ کے مقابلے میں زیادہ وسیع ہے۔
دورہ بغداد کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ افغانستان میں مزید بھیجے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ جیمز میٹس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سے متعلق حکمت عملی پچھلی امریکی حکومتوں کے مقابلے میں وسیع اور اس پر جلد عمل کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں مزید بھیجے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد کا فیصلہ امریکی جوائنٹ چیف آف اسٹاف کی مجوزہ تعداد سامنے آنے کے بعد کریں گے۔ امریکی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں موجود 8 ہزار 4 سو امریکی فوجیوں میں مزید 4 ہزار فوجیوں کا اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔