برازیل میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی
برازیل میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور متعدد بے گھر ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں شدید بارشوں اور طوفان کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جب کہ بارشوں سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس کے نتیجے میں اب تک 36 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں اورسیلابی صورتحال کی وجہ سے موٹروے بھی زیرآب آگئی جب کہ ریسکیو ٹیمیں سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے اور سڑکوں کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہےکہ اتوار کے روز ساؤ پاؤلو میں 600 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو رواں ماہ متوقع بارش سے بھی زیادہ ہے۔
ساؤ پاؤلو کے علاقے ساؤ سبساٹیو کے میئر کے مطابق شدید سیلابی صورتحال کی وجہ سے سرچ اور ریسکیو ٹیموں کو بیشتر مقامات پر رسائی حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے جب کہ اب تک ہمیں نقصان کا درست اندازہ نہیں، اس وقت صرف متاثرین کو ریسکیو کرنا ہماری ترجیح ہے۔
میئر کے مطابق بارشوں کے بعد سے اب تک 50 سے زائد گھر مکمل طور پر بہہ گئے اور درجنوں افراد لاپتا ہیں جب کہ اب تک 35 سے زائد افراد کے جان سے جانے کی تصدیق ہوچکی ہے اور متعدد بے گھر ہوچکے ہیں۔
برازیل کی سول ڈیفنس اتھارٹی نے سیلابی صورتحال کے سبب مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔