کابل، نماز جمعہ کیدوران مسجد امام زماں میں دھماکہ، 5 نمازی شہید
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نماز جمعہ کے دوران مسجد امام زمان (ع) پہ تکفیریوں کے حملے میں متعدد نمازی شہید ہوگئے ہیں۔ مسجد پہ حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل کے علاقے قلعہ نجارہ کی مسجد امام زمان (ع) میں نماز جمعہ کے دوران تکفیری دہشتگرد سکیورٹی گارڈز کو قتل کرکے مسجد میں داخل ہوئے اور نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف نمازیوں پہ اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر کئی نمازی شہید و زخمی ہوئے جبکہ اس دوران ایک دہشتگرد نے دھماکہ کیا۔ مسجد پہ حملے کے دوران ہونے والی شہادتوں کی تعداد تاحال واضح نہیں ہوسکی، جبکہ ایک ٹی وی چینل نے پانچ افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آور مقامی وقت کے مطابق 1 بجکر 15 منٹ پر مسجد میں داخل ہوئے جس کے بعد دھماکے کی آواز سنی گئی۔ انہوں نے بتایا کے دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر افغان اسپیشل فورسز بھی پہنچ گئی ہیں اور امدادی ٹیمیں بھی روانہ ہو گئی ہیں۔ حملے میں ہونے والے جانی نقصان بارے کوئی حتمی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوسکی۔