افغانستان میں داعش کا مکمل صفایا کرینگے، جنرل جان نکلسن
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں امریکی فوج کے اعلٰی جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ اس ملک میں اسلامک سٹیٹ کو جڑ نہیں پکڑنے دیں گے، داعش کا مکمل صفایا کر دیاجائے گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو مشن کے امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں القاعدہ کے بچے کچھے عناصر کو بھی ملیامیٹ کر دیا جائے گا۔ جنرل نکلسن نے افغان طالبان کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے ہم وطنوں کے خلاف جنگ بند اور معصوم شہریوں کو ہلاک کرنے کا سلسلہ ختم کر دیں، یہی نہیں افغان قوم کے لیے مشکلات اور مصائب بڑھانے کے عمل کو ترک کر تے ہوئے اپنے ہتھیار پھینک کر افغان معاشرے کی تعمیر میں شامل ہو جائیں۔ امریکی جنرل نے انتہائی پرعزم لہجے میں کہا کہ افغانستان میں امریکا کسی طور پر ناکام نہیں ہوگا کیونکہ ان کی ملکی سلامتی کا انحصار افغانستان، امریکی اتحادیوں اور اس کے شراکت کاروں کی سلامتی میں مضمر ہے۔