خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، چین
بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نےکہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی ہیں، پاک چین دوستی بے مثال اور قابل تقلید ہے۔ پاکستان ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے، افغان مسئلے کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک رابطوں، علاقائی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ سی پیک چین کے صدر کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جب کہ ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی ہے۔ اس موقع پر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے خواجہ آصف کےدورہ چین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹرٹیجک تعلقات مضبوط ہیں اور چین پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت کرتا ہے، پاکستان اور چین ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا پُرامن حل چاہتےہیں، افغانستان میں امن پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے جب کہ دونوں ممالک دفاعی، علاقائی سلامتی کے لیے تعاون کریں گے۔