پاک ترک سربراہ ملاقات، افغانستان اور میانمار کی صورتحال پہ تفصیلی تبادلہ خیال
آستانہ: صدر مملکت ممنون حسین اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے آستانہ میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے صدر مملکت ممنون حسین ان دنوں قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ آستانہ میں صدر مملکت ممنون حسین کی ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں دونوں سربراہان نے پاک ترک دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا۔ دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص افغانستان اور میانمار میں پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں پاکستان کے پرامن کردار کو سراہتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ترکی افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
علاوہ ازیں سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں خطاب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند صدیوں سے مسلم دنیا علمی شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے سکی، اسلامی دنیا کو نہ صرف سیاسی، سماجی اور اقتصادی شعبے میں خود کفالت اختیار کرنا ضروری ہے بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کرنا بھی ضروری ہے جب کہ فیصلوں پر عملدرآمد سے مسلم دنیا کامیاب رہے گی۔ صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دکھ ہے ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، سائنس کی حیرت انگیز ترقی کے باعث دنیا تبدیل ہو رہی ہے، عمرانی علوم میں بھی تحقیق کی ضرورت ہے، مسلم دنیا کی ترقی و خوشحالی، آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے اور پاکستان اس معاملے میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گا۔