افغانستان میں دیرپا امن خطے کی سلامتی کیلئے ناگزیز ہے، پاکستان اور ترکی کا اتفاق
انقرہ: پاکستان اور ترکی نے افغانستان میں دیرپا امن خطے کی سلامتی کیلئے ناگزیز قرار دیدیا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ترک قیادت سے ملاقاتوں میں دونوں جانب سے افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دورہ انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم بن علی یلدرم اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اسٹریٹجک، سیاسی، معاشی اور دفاعی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، دونوں ملکوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ خواجہ آصف نے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اور حمایت پر ترکی کا شکریہ کیا۔ دونوں ملکوں نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر بھی اظہار تشویش کیا اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے اقدامات کرے۔