دنیا

بیگم کلثوم نواز طبیعت بگڑنے پر دوبارہ اسپتال منتقل

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو طبیعت بگڑنے پر دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی والدہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز ان کی طبیعت بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مریم نواز نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ان کی والدہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بیگم کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے لیے لندن کے اسپتال لایا گیا تھا اور کامیاب سرجری کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی تھی۔ بیگم کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن گئی تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ کلثوم نواز کے 3 آپریشن کیے جا چکے ہیں جو کامیاب رہے ہیں۔
نواز شریف بھی اپنی اہلیہ کی تیمار داری اور عید منانے کے لیے لندن پہنچے تھے تاہم اب وہ وطن واپس آچکے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز اب بھی لندن میں ہی موجود ہیں۔ نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 لاہور میں 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیگم کلثوم نواز امیدوار تھیں اور ملک میں موجود نہ ہونے کے باوجود وہ الیکشن جیت گئی تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close