ترکی کے سرحدی علاقے میں دھماکہ، 4 فوجی ہلاک، 4 زخمی
انقرہ: ایرانی سرحد کے قریب ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دھماکا ترک ایرانی سرحد کے قریب واقع صوبے حکاری کے ضلع یوکسکو میں ہوا جہاں کرد جنگجوں کی جانب سے نصب کیے گئے بم کی زد میں سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی آگئی، جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔ حملے میں 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کو طلب کرلیا گیا جنہوں نے دھماکے کے مقام کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ صوبہ حکاری کے گورنر کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کے پیچھے کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کا ہاتھ ہے۔ واضح رہے کہ ترکی نے کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے جب کہ مملکت میں ہونے والے اکثر دہشت گرد واقعات کا ذمہ دار بھی کرد شدت پسندتنظیم کو ٹہرایا جاتا رہا ہے۔