پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کرنے والی قوتوں کوبھی شکست دے گا، ملیحہ لودھی
نیو یارک: اقوام متحدہ میں سفیرملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دنیا میں سب سے بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا اورپاکستان سرحد پارسے دہشت گردی کرنے والی قوتوں کو بھی شکست دے گا۔ پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مکمل اتفاق رائے ہے، پاکستان نے دنیا میں سب سے بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا اور پاکستان سرحد پارسے دہشت گردی کرنے والی قوتوں کو بھی شکست دے گا۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ سرحدی، قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کیا، آپریشن کے نتیجے میں دو سال سے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی، اعداد و شمارکے مطابق پاکستان میں دہشت گردی 2006 کے بعد کم ترین سطح پر ہے، ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں27 ہزار شہریوں کو کھویا اورپاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں120 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔
ملیحہ لودھی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان نقصانات کے باوجود اپنی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑے گا، پاکستان ریاستی دہشت گردی کی بھی مذمت کرتا ہے، دنیا کے کسی بھی حصے میں معصوم شہریوں کو مارنے کاکوئی جوازنہیں، داعش جیسی قوتوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے جب کہ دہشت گردی کی بنیاد ختم کرنے کیلئے سیاسی تنازعات حل کئے جائیں۔